اسٹارٹ اپ انڈیا یاترا وین
اسٹارٹ اپ انڈیا، یاترا وین مدھیہ کے دس شہروں کا سفر کرے گی اور اس سفر کا آغاز ریاست کے دارالحکومت بھوپال سے ہوگا۔ اس کا مقصد یہ ہے کہ اسٹارٹ اپ انڈیا اور مدھیہ پردیش اسٹارٹ اپ پالیسی کے تئیں عوام میں بیداری پیدا کی جائے۔ اس موٹر گاڑی پر ماہرین سوار ہوں گے جو صنعت کارانہ صلاحیت کے حامل افراد کے نظریات و خیالات کی حوصلہ افزائی کرنے اور انہیں پروان چڑھانے کے ساتھ ساتھ ان کے نظریات کو عملی شکل دیکر صنعتیں قائم کرنے کے عمل میں تعاون فراہم کریں گے۔
توقع ہے کہ یہ وین تقریباً 25 کالجوں میں جائے گی اور تمام مقامات پر ایک روزہ خصوصی کیمپ کا اہتمام کیا جائے گا۔ یہ یاترا 16 جولائی 2018 کو شروع ہوگی اور 30 دنوں کے اندر 10 اضلاع اور 15 اداروں پر احاطہ کرے گی۔ اسٹارٹ اپ انڈیا یاترا کا مقصد بھارت کے چھوٹے قصبات اور شہروں میں بنیادی سطح کے صنعت کاروں پر توجہ مرکوز کرکے ان ابھرتے ہوئے صنعت کاروں کو اپنا اسٹارٹ اپ کا خواب شرمندہ تعبیر کرنے میں مدد فراہم کرنا ہے۔
اسٹارٹ اپ انڈیا یاترا کی تکنالوجی شراکت دار شرو فائل ہے۔ جو ویڈیو پر مبنی شخصیت کا تجزیہ کرنے کا ایک پلیٹ فارم ہے جس کا صدر دفتر گوروگرام میں واقع ہے جو مدھیہ پردیش کے صنعت کاروں کے نظریات و خیالات کو اسٹارٹ اپ انڈیا وین کے ذریعہ ریکارڈ کرے گا۔ صنعت کار حضرات اپنے نظریات و خیالات کو اسٹارٹ اپ انڈیا ایپ اسکرینوں پر ریکارڈ کرائیں گے جسے اسٹارٹ اپ انڈیا ٹیم کے ساتھ تجزیئے اور انتخاب کے مقصد سے شیئر کیا جائے گا۔ مدھیہ پردیش سے پہلے یہ یاترا گجرات، اترپردیش، اڈیشہ اور اتراکھنڈ جیسی ریاستوں سے گزر چکی ہے۔
ماہ جولائی 2017 کے دوران، گجرات میں آنند، وساد، مہسانہ، جیتل پور اور احمد آباد کے پانچ شہروں پر اس پہل قدمی کے تحت احاطہ کیا گیا تھا۔اس دوران تقریباً 300 اسٹارٹ اپ افراد نے اپنے نظریات و خیالات پیش کئے تھے اور 22 انکیوبیشن پیشکشیں آئی آئی ایم، احمد آباد اور مدرا انسٹی ٹیوٹ آف کمیونی کیشن، احمد آباد (ایم آئی سی اے) کی جانب سے موصول ہوئی تھیں۔
اترپردیش میں یہ یاترا، آگرہ، بریلی، کانپور، لکھنٔو، سلطانپور، وارانسی اور نوئیڈا سے ماہ نومبر اور دسمبر 2017 کے دوران گزری تھی۔ منتخبہ اسٹارٹ اپ افراد نے اپنی صنعتیں لگانے کے لئے آئی آئی ٹی بی ایچ یو، آئی آئی ٹی کانپور، آئی بی ہبوں، بی آئی ایم ٹی ای سی ایچ اور آئی آئی ایم لکھنٔو کی جانب سے تعاون کی پیش کش حاصل کی تھیں۔ اس اہتمام کے دوران 5000 سے زائد افراد نے اس میں شرکت کی اور تقریباً 350 اسٹارٹ اپ افراد نے اپنے نظریات و خیالات متعلقہ افراد کے روبرو رکھے جن میں سے 44 اسٹار اپ افراد کو مستقبل میں تعاون کی فراہم کے لئے منتخب کیا گیا تھا۔ اڈیشہ میں یاترا کو جھنڈی دکھائے جانے کے بعد خصوصی کیمپوں کا اہتمام ماہ جنوری اور فروری 2018 کے دوران 16 اضلاع میں کیا گیا تھا۔اس کے نتیجے میں تقریباً دس ہزار سے زائد متوقع صنعت کار حضرات سامنے آئے تھے۔ 3600 اسٹار اپ افراد نے اپنے نظریات پیش کئے تھے جن میں سے 76 کو تعاون کی پیش کش ہوئی تھی۔ کے آئی آئی ٹی بھوبنیشور کو بھی آئی این آر۔ ون سے لیکر سات لاکھ تک کی پیش کش کے ساتھ سرکردہ 7 انکیوبیٹروں کے لئے پروٹو ٹائپ گرانٹ کی پیش کش کی گئی تھی۔
اسٹارٹ اپ انڈیا یاترا نے اتراکھنڈ میں 3500 سے زائد طلبا کو متاثر کیا تھا۔ اپریل 2018 میں 12 اضلاع کا سفر مکمل کیا گیا تھا اور ان طلبا کو کاروباری ماڈلوں کو بنانے کے لئے تربیت فراہم کی گئی تھی۔ اس پہل قدم کے تحت ایک ہزار اسٹارٹ اپ افراد نے اپنے نظریات و خیالات پیش کئے اور 20 سے زائد اسٹارٹ اپ افراد کو نقد انعامات اور تعاون کی پیش کش کی گئی تھی۔
ٹائر۔2 اور ٹائر۔3 کے قصبات اور شہروں میں روزگار کی فراہمی کو فروغ دینے کے لئے اسٹارٹ اپ انڈیا، اسٹارٹ اپ انڈیا یاترا کا اہتمام کرتی ہے اور یہ اہتمام ہر مہینے ایک ریاست میں کیا جاتا ہے۔یاترا خصوصی کیمپوں کا اہتمام کرتی ہے جہاں طلبا کو کاروباری منصوبہ بندی کی تربیت دی جاتی ہے اور اسباق پڑھائے جاتے ہیں۔ اس کے بعد ایک خصوصی تقریب کا اہتمام ہوتا ہے جہاں نظریات و خیالات طلب کئے جاتے ہیں۔ منتخبہ نظریات و خیالات کو ریاستوں کی نگرانی میں قائم انکیوبیٹروں کے ذریعہ پروان چڑھایا جاتا ہے۔ 40 اضلاع کے مجموعی 19 ہزار طلبا نے اس یاترا سے خصوصی کیمپوں کے توسط سے استفادہ کیا ہے اور 90 سے زائد طلبا نے یا تو گرانٹ حاصل کی ہے یا ریاستی حکومت کی جانب سے انہیں تعاون کی پیش کش کی گئی ہے۔
اسٹارٹ اپ انڈیا پہل قدمی، حکومت ہند کا پروگرام ہے جس کے تحت ملک میں جدت طرازی کو پروان چڑھانے اور مستقبل کے ہونہار صنعت کاروں کو مواقع بہم پہنچانے کے لئے ایک مضبوط اسٹارٹ اپ ایکو نظام کی فراہمی ہے۔ اسی مشن سے ہم آہنگ رہتے ہوئے یہ پروگرام اس طرح سے وضع کیا گیا ہے جس کے تحت 10999 اسٹار اپ درج رجسٹر ہوچکے ہیں اور 109869 افراد کو روزگار حاصل ہوچکا ہے۔
بڑے پیمانے پر روزگار کی فراہمی، صنعت کارانہ جذبے کو فروغ دینے کی لگاتار کوششوں کا ثمرہ ہے۔ صنعتی پالیسی اور فروغ کے محکمے نے ماہ فروری 2018 میں ریاستوں کے اسٹارٹ اپ رینکنگ فریم ورک کا آغاز کیا تھا۔ اس کا مقصد یہ تھا کہ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کو اپنے یہاں اسٹارٹ اپ ایکو نظام کو فروغ دینے کے لئے متحرک اور فعال بنایا جائے۔ اس کے تحت یہ مقصد بھی شامل تھا کہ ریاستوں/ مرکز کے زیر انتظام علاقوں کو ایک دوسرے کے یہاں اپنائے جانے والے اچھے طریقہ ہائے کار کی شناخت کرنے ، اس سے سیکھنے اور اس کی پیروی کرنے کے لئے سہولت فراہم کی جائے اور ان ریاستوں کی ترقی کو مہمیز کیا جائے۔
اسٹارٹ اپ انڈیا حکومت ہند کی مختلف النوع وزارتوں کے ساتھ تال میل بناکر کام کرتا ہے تاکہ ایسے انکیوبیشن اور مہمیز کاری والے پروگراموں کو فروغ دیا جاسکے جن کے نیتجے میں اور زیادہ اسٹارٹ اپس کا قیام عمل میں آسکے۔
एक टिप्पणी भेजें