نئی دہلی، وزیرداخلہ نے پولیس خدمات میں عمدگی لانے ، پیشہ ورانہ جذبے کو فروغ دینے اور سلامتی عملے کے اُن افراد کی خدمات کو تسلیم کرنے کے لئے پانچ پولیس تمغات قائم کئے ہیں ، جو از حد تناؤ بھرے ماحول اور دشوار گزار علاقوں میں اچھی خدمات انجام دے رہے ہیں۔
ان پانچ غیر نقدی ایوارڈز کی تفصیلات ، جو ریاستی پولیس فورسیز اور مرکزی پولیس اداروں اور مسلح دستوں میں موجودہ ایوارڈ اسکیموں کو مستحکم بنائیں گی ، درج ذیل ہیں :
وزیر داخلہ کا خصوصی آپریشن میڈل : وزیر داخلہ کے ذریعے دستخط شدہ ایک توصیفی سند ، تمغے کے ساتھ مرکزی / ریاستی دستے کے پولیس یا سلامتی عملے کو خاطر خواہ اہمیت کے حامل آپریشنوں کو کامیابی سے انجام دینے کے لئے یا اُس پیمانے کا کارنامہ انجام دینے کے لئے دیا جائے گا ، جس کا براہِ راست اثر ، ریاست / مرکز کے زیر انتطام علاقے کی سلامتی ، خطے یا ملک کی سلامتی پر پڑنے والا ہو یا اِن افراد نے اہم بچاؤ آپریشنوں میں حصہ لیا ہو ۔
پولیس آنترک سُرکشا سیوا پدک : ایک تمغہ مرکزی یا ریاستی دستوں کے سلامتی عملے یا پولیس کے عملے کو دیا جائے گا ، جس نے جموں و کشمیر ، شمال مشرق اور ملک کے بائیں بازو کی انتہا پسندی سے متاثر اضلاع میں خدمات انجام دی ہوں تاکہ ایسے علاقوں میں داخلی سلامتی کے فرائض منصبی کی انجام دہی کی اہمیت کو اجاگر کیا جا سکے ۔ فی الحال یہ تمغہ صرف ایک مرتبہ دیا جاتا ہے اور اس میں ان علاقوں میں کتنی مدت کار مکمل کی گئی ہے ، اس کا شمار نہیں کیا جاتا ۔
III. اسادھارَن آسوچنا کُشلتا پدک : وزیر داخلہ کے ذریعہ دستخط شدہ ایک توصیفی سند اور تمغہ ، مرکز یا ریاستی خفیہ
پولیس کے اداروں کے اراکین ، ایسے دیگر اداروں کی شاخوں یا اُن کی اکائیوں کے اراکین کو دیا جاتا ہے ، جو دہشت گردی ، جنگجوئیت اور شورش سے نمٹنے کے لئے خفیہ اطلاعات جمع کرنے کا فریضہ انجام دیتے ہیں اور ساتھ ہی ساتھ یہ تمغہ خفیہ اطلاعات جمع کرنے کے کام میں غیر معمولی جرات اور ہنر مندی کے اعتراف میں بھی دیا جاتا ہے ۔
اُتکرشٹ اور اَتی اُتکرشٹ سیوا میڈل : یہ تمغہ پولیس ، سلامتی عملے یا معاون عملے مثلاً ہوم گارڈ وغیرہ کو دیا جائے گا ،
جو ریاستی پولیس دستوں ، مرکزی مسلح پولیس دستوں ، مرکزی پولیس اداروں میں مصروف خدمت ہوں ۔ آسام رائفلس ، قومی سلامتی گارڈ ، قومی تباہ کاری رد عمل فورس ، ہوم گارڈ اور خفیہ اداروں کے اراکین بھی اسے حاصل کرنے کے مستحق ہوں گے ۔ یہ ایوارڈ گذشتہ 15 برسوں کی بے داغ اور عمدہ خدمات کے لئے (اُتکرشٹ تمغہ ) اور ایسی ہی 25 برس کی خدمات کے اعتراف میں ( اَتی اُتکرشٹ تمغے ) کی شکل میں دیا جائے گا ۔ کسی بھی سال کے دوران اُتکرشٹ اور اَتی اُتکرشٹ تمغوں کی تعداد ، پولیس دستوں یا سلامتی ایجنسی کی منظور شدہ تعداد کے مقابلے میں بالترتیب ایک فی صد اور 0.5 فی صد سے زیادہ نہیں ہو گی ۔
عمدہ تفتیش کے لئے وزیر داخلہ کا تمغہ : یہ تمغہ مرکزی تفتیشی ایجنسیوں ، ریاستی / مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے پولیس دستوں کے تحت اُن تفتیشی ایجنسیوں کے افسران کو دیا جائے گا ، جنہوں نے ، تفتیش کے شعبے میں ، غیر معمولی خدمات انجام دی ہوں گی ۔ وزیر داخلہ کے ذریعہ دستخط شدہ ایک توصیفی سند ، ہر ایک افسر کو تمغے کے ساتھ تفویض کی جائے گی ۔
مذکورہ تمام تمغات کی ڈھلائی اور سپلائی وزارت داخلہ کی نگرانی میں ہو گی اور یہ تمغات ہر سال مرکزی یا ریاستی پولیس دستوں / اداروں کے ذریعے مقررہ دنوں میں ہی دیئے جائیں گے ۔ ہر ایک ریاست / مرکزی پولیس دستوں / اداروں میں ایک انتخابی کمیٹی ہو گی ، جو ہر سال ایوارڈ کے لئے مستحق افراد کی شناخت کرے گی ۔ خصوصی آپریشن تمغے ، اَسادھارَن آسوچنا تمغے اور تفتیشی تمغے کے معاملے میں ، ناموں کو وزارت داخلہ کے ذریعے حتمی شکل دی جائے گی اور یہ کام ریاستوں / مرکز کے زیر انتظام علاقوں اور مرکزی پولیس اداروں کی جانب سے موصول ہونے والی سفارشات کی بنیاد پر انجام دیا جائے گا۔
تقریباً 30 لاکھ پولیس اور سلامتی عملہ ، ریاستی حکومتوں / مرکز کے زیر انتظام علاقوں اور مرکزی حکومت کے تحت ملک بھر میں تعینات ہے اور انہیں گونا گوں فرائض منصبی سونپے گئے ہیں ، جن میں امن و امان اور عوامی نظم و ضبط کو برقرار رکھنا ، جرائم کی تفتیش ، ٹریفک کی آمد و رفت کا انتظام ، اہم تنصیبات کا تحفظ اور سرحد پر واقع دور دراز کے انتشار کے شکار علاقوں میں خدمات کی انجام دہی شامل ہیں ۔ یہ عملہ اکثر از حد دشوار گزار اور چنوتی بھرے حالات میں کام کرتا ہے ۔ مرکزی اور ریاستی حکومتیں پولیس اور سلامتی عملے کی اثر انگیزی اور خدمات فراہمی کی صلاحیت کو بہتر سے بہتر بنانے کے لئے مختلف النوع اقدامات کرتی آئی ہیں ۔ اس کے لئے عملے کی جدید کاری، تربیت ، صلاحیت سازی ، خدمات کے بہتر حالات مثلاً رہائشی مکانات کی سہولت کی فراہمی اور بہبودی اقدامات وغیرہ شامل ہیں ۔ حکومت کے ذریعہ شروع کی گئی اِس ایوارڈ اسکیم کا مقصد ، عملے کے ذریعے کئے گئے اچھے کاموں کا اعتراف کرتے ہوئے عملے کے حوصلے کو بلند کرنا اور اِن سلامتی دستوں کے عملے کی حوصلہ افزائی کرنا ہے ۔
एक टिप्पणी भेजें