نئی دہلی، ناسک کے شری وشواس منڈالک اور ممبئی کے دی یوگا انسٹی ٹیوٹ نے سال 2018 میں یوگا کے فروغ اور ترقی میں امتیازی تعاون کے وزیراعظم کا ایوارڈ حاصل کیا ہے۔ ان کا انتخاب مختلف زمروں کے تحت موصول ہونے والی 186 نامزدگیوں میں سے کیا گیا ہے۔
21 جون 2016 کو یوگا کے دوسرے بین الاقوامی دن کے موقع پر وزیراعظم جناب نریندر مودی نے چنڈی گڑھ میں یوگا کے فروغ اور ترقی کے لئے اس ایوارڈ کو شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اس ایوارڈ کے لئے آیوش کی وزارت نے رہنما خطوط تیار کئے ہیں۔ اس کے لئے دو کمیٹیاں قائم کی گئی ہیں جن میں اسکریننگ کمیٹی اور تجزیہ کمیٹی (جیوری) شامل ہیں تاکہ ایوارڈ کے انتخاب کے لئے شفاف طریقے سے عمل کیا جاسکے۔ ایوارڈ کے لئے نامزدگیاں اشتہارات کے ذریعے مدعو کی گئی تھیں۔
آیوش کے سکریٹری کے زیر صدارت اسکریننگ کمیٹی نے 186 درخواستوں میں سے انتخاب کیا جس کے بعد کابینہ کے سکریٹری کی صدارت میں جیوری نے ، جس میں وزیراعظم کے ایڈیشنل پرنسپل سکریٹری ، خارجہ سکریٹری ، آیوش کے سکریٹری کے علاوہ ڈاکٹر ایچ آر نگیندر (ممبر) ، اوپی تیواری (ممبر) ڈاکٹر بی این گنگادھر (ممبر) شامل ہیں، اسکریننگ کمیٹی کی سفارشات کی جانچ کی اور اداروں اور افراد کے ذریعے کئے جانے والے تعاون کا تجزیہ کرنے کے بعد قطعی فہرست تیار کی۔
تمام متعلقہ حقائق اور دیگر معلومات پر غور کرنے کے بعد جیوری نے سفارش کی کہ رواں سال کے لئے یہ ایوارڈ جناب وشواس منڈالک (قومی سطح کا انفرادی زمرہ) اور ممبئی کے دی یوگا انسٹی ٹیوٹ (قومی سطح پر ادارے کے زمرے میں) کو ایوارڈ دیا جائے۔
حکومت ہند نے ناسک کے جناب وشواس منڈالک اور ممبئی کے دی یوگا انسٹی ٹیوٹ کو سال 2018 میں یوگا کے فروغ وترقی کے لئے ممتاز تعاون دینے پر وزیراعظم کے ایوارڈ سے نوازے جانے کی سفارش قبول کرلی ہے۔ سال 2017 کے لئے یہ ایوارڈ پونے کے رمامنی اینگر میموریل یوگا انسٹی ٹیوٹ پونے نے حاصل کیا تھا۔
جناب وشواس منڈالک نے پتنجلی اور ہاتھ یوگا ، بھگوت گیتا اور اپنیشد کے علاوہ پچھلے 55 برسوں کے دوران قدیم مخطوطات کا مطالعہ اور تحقیق کرنے کے بعد یوگا کا گہرا علم حاصل کیا ہے۔ انہوں نے 1978 میں یوگا کے ودیادھن کی پہلی برانچ قائم کی اور بھارت میں اس کے 160 مرکز ہیں۔ انہوں نے 1983 میں یوگا ودیا گروکُل نامی یوگا ادارہ قائم کیا ۔ 1994 میں انہوں نے بھارت کے دور دراز علاقوں میں یوگا کو مشتہر کرنے اور فروغ دینے کے لئے یوگا چیتنیہ سیوا پرتشٹھان قائم کیا۔ انہوں نے مختلف تربیتی کورس کے لئے 42 کتابیں لکھی ہیں اور 300 سی ڈی تیار کی ہیں۔
1918 میں جناب یوگیندر جی کے ذریعے قائم کئے گئے دی یوگا انسٹی ٹیوٹ نے سماج کی خدمت کرتے ہوئے 100 سال مکمل کرلئے ہیں جس میں 10 ملین لوگوں کو یوگا سکھایا گیا ہے۔ اس ادارے نے 50 ہزار سے زیادہ یوگا ٹیچر تیار کئے ہیں جبکہ 50 سے زیادہ کتابیں بھی تیار کی گئی ہیں۔ یوگا انسٹی ٹیوٹ 10 دہائیوں سے زیادہ عرصے سے ملک اور بیرون ملک میں سماج کے مختلف طبقوں کی خدمت کرتا رہا ہے۔
ایوارڈ جیتنے والوں کو ایک ٹرافی ، سرٹیفکٹ اور 25 لاکھ روپے نقد انعام سے نوازا جائے گا۔
एक टिप्पणी भेजें