نئی دہلی، قبائلی امور کے وزیر مملکت جسونت سنگھ بھبھور نے راجیہ سبھا میں ایک تحریری جواب میں بتایا ہے کہ قبائلی امور کی وزارت نے ایسے 163 ترجیحاتی اضلاع کی شناخت کی ہے جہاں 25 فیصد یا اس سے زائد درج فہرست قبائل (ایس ٹی) آبادی رہائش پذیر ہے۔
ان اضلاع میں قبائلی ترقیاتی پروگراموں کا نفاذ عمل میں لایا جائے گا۔ ان پروگراموں میں یکلویہ ماڈل رہائشی اسکولوں کا قیام بھی شامل ہے۔ 163 مذکورہ اضلاع میں سے ملک کے 112 اضلاع میں یکلویہ ماڈل رہائشی اسکول قائم کرنے کیلئے منظوری د ے دی گئی ہے۔ یہ اضلاع اروناچل پردیش، آسام، چھتیس گڑھ۔ دادرہ اور نگر حویلی، گجرات، ہماچل پردیش، جموں وکشمیر، جھارکھنڈ، مدھیہ پردیش، مہاراشٹر، منی پور، میگھالیہ، میزورم، ناگالینڈ، اڈیشہ، راجستھان، سکم، تلنگانہ اور تریپورہ میں واقع ہیں۔
وزیر موصوف نے بتایا کہ یکلویہ ماڈل رہائشی اسکولوں کا قیام مطالبات پر مبنی پروجیکٹ ہے اور اس کا انحصار ریاستی حکومتوں کی جانب سے موصول ہونےو الی تجاویز اور دستیاب آراضی پر ہوتا ہے۔
وزارت مذکورہ یکلویہ ماڈل رہائشی اسکولوں کی تعمیر کیلئے فنڈ اور باربار لاحق ہونے والے اخراجات کیلئے سرمایہ فراہم کرتی ہے تاہم مذکورہ اسکولوں کے قیام سے متعلق رہنما خطوط کی روشنی میں ہر متعلقہ ریاستی حکومت؍ مرکزی انتظام کے علاقے کی حکومت ان اسکولوں کے انتظام اور مؤثر کام کاج کیلئے کلی طور پر ذمہ دار ہے۔ اس ذمہ داری کے تحت اسکول میں داخلے، اساتذہ؍ عملے اور دیگر ملازمین کا تقرر بھی شامل ہے۔
एक टिप्पणी भेजें